پاکستان بدامنی کا متحمل نہیں ہو سکتا، امن کیلئے گریٹر ڈائیلاگ ناگزیر ہے: امیر جماعت اسلامی

11-17-2024

(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے ملک میں امن و امان کے قیام کیلئے گریٹر ڈائیلاگ کو ناگزیر قرار دے دیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ پاکستان حالیہ بدامنی کا مزید متحمل نہیں ہو سکتا، ملک میں امن کے قیام کے لیے گریٹر ڈائیلاگ کی ضرورت ہے۔ حکومت پر تنقیدی نشتر برساتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت کے مہنگائی کم کرنے اور معیشت کو بہتر کرنے کے دعوے جھوٹ ہیں، پوری حکومت ہی فارم 47 اور جھوٹ کی بنیاد پر کھڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کو 70 ہزار جعلی ووٹ ڈلوا کر جتوایا گیا، پی پی کو عوام  نے مسترد کیا، لوگ پیپلز پارٹی کو مسترد کرتے ہیں اور یہ آر اوز اور ڈی آر اوز سے نتیجے بدلوا رہے ہیں، بیساکھیوں کے سہارے پر کھڑی پیپلز پارٹی بجھتا ہوا چراغ ہے۔