پاکستان کے علی حیدر نے انجری کے باوجود بنکاک میراتھون مکمل کرلی
11-17-2024
(ویب ڈیسک) پاکستان کے میراتھون رنر علی حیدر نے انجری کے باوجود بنکاک میراتھون کامیابی سے مکمل کرلی۔
بنکاک میراتھون علی حیدر کی پہلی انٹرنیشنل میراتھون تھی تاہم اس کی تیاریوں کے دوران وہ انجری کا شکار ہوگئے تھے، انجری کے باوجود بھی علی نے ایونٹ میں شرکت کی۔ 42 کلو میٹر سے زائد کے اس مقابلے میں علی نے ابتدائی 18 کلومیٹر تک تقریباً 7 منٹ فی کلومیٹر کی رفتار برقرار رکھی لیکن پھر گھٹنے کی انجری کی وجہ سے انہیں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ ایک موقع پر اس انجری کی وجہ سے ان کی رفتار 10 منٹ فی کلو میٹر تک گر گئی تاہم علی نے حوصلہ پست نہ ہونے دیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر درد اتنا شدید تھا کہ انہیں لنگڑاتے ہوئے مقابلہ جاری رکھنا پڑا۔ علی نے میراتھون 6 گھنٹے 5 منٹ اور 3 سیکنڈز میں طے کی اور انہوں نے انجری اور سخت موسم میں میراتھون مکمل کرتے ہوئے 921 رنرز میں سے 731 ویں پوزیشن حاصل کی۔