پنجاب حکومت نے دو ماہ کیلئے تیتر کے شکار کی اجازت دیدی
11-17-2024
(لاہور نیوز) محکمہ وائلڈ لائف پنجاب نے صوبہ بھر میں دو ماہ کیلئے تیتر کے شکار کی اجازت دے دی۔
سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی ہدایت پر صوبہ میں سپورٹ ہنٹنگ کے فروغ اور ہنٹنگ پریشر کم کرنے کیلئے قانونی شکاریوں کومنصفانہ مواقع کی فراہمی کے اقدامات کیلئے ڈی جی وائلڈ لائف مدثر ریاض ملک کی زیر قیادت محکمہ نے تیتر کے موسم شکار کا اعلان کر دیا۔ ڈی جی وائلڈ لائف کے مطابق تیتر کے شکار کی اجازت صرف دو ماہ یکم دسمبر 2024 تا 31 جنوری 2025 ہوگی، تیتر کا شکار مستند پرمٹ کے ساتھ کھیلا جا سکتا ہے، تیتر کا شکار صرف اتوار کے دن ہوگا، تیتر کا شکار مستند اسلحہ لائسنس اور پرمٹ کے ساتھ کھیلنے کی اجازت ہے۔ تیتر کے شکار میں پرندوں کی مقررہ تعداد کالاوبھورا تیتر وائلڈ لائف ایکٹ کے مطابق ہو گی،تمام پرو ٹیکٹڈ ایریاز میں شکار منع ہے، ماسوائے اجازت صدر سی بی سی تمام کمیونٹی بیسڈ کنزروینسیز کے علاقوں میں شکار ممنوع ہے، دفاعی تنصیبات کے ایریاز میں شکار ممنوع ہے، بفر زونز کے محیط ایک میل تک شکار منع ہے ۔ شکار میں خودکار ہتھیار کا استعمال قطعاً ممنوع ہے ۔ سروسز اور کسی فورس پاک فوج ، پولیس یا دیگر کے زیر استعمال ہتھیار اور ایمو نیشن کا استعمال ممنوع ہے، شکار کے دوران جیپ اور گاڑی کا استعمال نہیں کیا جاسکتا، گن ڈاگ مستند قبضہ لائسنس کے ساتھ استعمال کر سکتے ہیں، گاڑی میں کھڑے ہوکر یا بیٹھ کر شکار کرنا منع ہے۔