سبز مصالحہ جات کے سرکاری نرخوں میں اضافہ،سبزیوں کی بھی زائد قیمت پر فروخت

11-17-2024

(لاہور نیوز) ٹماٹر، پیاز سمیت سبز مصالحہ جات کے سرکاری نرخوں میں اضافہ کر دیا گیا، سبزیاں بھی سرکاری نرخوں سے زائد قیمت پر فروخت کی جا رہی ہیں۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق ٹماٹر کے نرخ میں 30 روپے فی کلو اضافہ کے بعد ٹماٹر کا سرکاری نرخ 175روپے کلو مقرر کیا گیا ہے تاہم مارکیٹ میں ٹماٹر 200 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے، پیاز کا سرکاری نرخ پانچ روپے اضافے سے 130 روپے کلو مقرر جبکہ مارکیٹ میں پیاز 150 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح آلو کا سرکاری نرخ 5 روپے اضافے سے 125 روپے کلو مقرر ہوا ہے لیکن مارکیٹ میں آلو 140روپے کلو فروخت کیا جا رہا ہے۔ لہسن کاسرکاری نرخ 680روپے کلو مقرر جبکہ مارکیٹ میں لہسن 800 روپے کلو تک مل رہا ہے۔ ادرک کے سرکاری نرخ میں 45روپے فی کلو کمی کے بعد ادرک چائنہ اور ادرک تھائی لینڈ کا نرخ 480 روپے کلو مقرر کیا گیا ہے تاہم مارکیٹ میں ادرک 600 روپے کلو تک بیچا جا رہا ہے۔  بند گوبھی اور پھول گوبھی 70 روپے کلو ، پالک اور ساگ 50 روپے فی کلو فروخت ہو رہے ہیں۔ دوسری طرف برائلر گوشت کا نرخ 7 روپے کمی سے 497 روپے کلو مقرر کیا گیا ہے، فارمی انڈے کے نرخ دو روپے اضافے سے 343 روپے فی درجن ہیں۔