تعلیمی اداروں کی نجکاری ملک کیلئے خطرناک ہے، حافظ نعیم الرحمان
11-16-2024
(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں کی نجکاری ملک کیلئے خطرناک ہے۔
لاہور میں الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے یوتھ گیدرنگ کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں مہمان خصوصی امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہمیں اپنے ملک کے نوجوانوں کو مایوس نہیں ہونے دینا، جو لوگ ملکی وسائل پر قابض ہیں ہمیں انہیں معزول کر دینا چاہئے، جہاں تعلیم کاروبار بن جائے اس ملک کی تضحیک اس سے زیادہ ہو نہیں سکتی، ملکی وسائل ہمارے بچوں پر لگنے چاہئیں، سب کو ایک جیسی تعلیم فراہم کی جائے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک میں ایک نظام، ایک نصاب اور ایک زبان ہونی چاہئے، تعلیمی اداروں کی نجکاری پاکستان کیلئے خطرناک ہے، نوجوانوں کو اسکے خلاف مزاحمت کرنا ہو گی، دنیا اے آئی میں آگے بڑھ رہی ہے حکمران ہوش کے ناخن لیں، اگر سرکاری پالیسیاں درست کر لی جائیں تو بہت سے مسائل حل ہو جائیں گے۔ حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ تنقید کر کے مسئلہ حل نہیں ہوتا اس لئے ہم نے بنو قابل پروگرام شروع کیا ہے، ہم دو سال میں 10 لاکھ بچوں کو تربیت دیں گے۔