9 مئی حملوں کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں، عطا تارڑ

11-16-2024

(لاہور نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان اور ان کے حواریوں نے ہر قدم ملک کو نقصان پہنچانے کے لئے اٹھایا، ایک جماعت نے منظم سازش کے ذریعے 9 مئی کے حملے کئے، ان حملوں کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔

وزیر اطلاعات نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران 9 مئی کو فوجی تنصیبات پر حملوں کی نئی سی سی ٹی وی فوٹیجز جاری کر دیں۔ عطا تارڑ  نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں کے پیغامات موجود ہیں، پی ٹی آئی عہدیداروں کو 9مئی کیلئے ہدایات دی گئیں، یہ ایسا بیانیہ بنانا چاہتے تھے کہ مشتعل ہو کر فوجی تنصیبات پر حملہ کیا جائے، یہ کہتے ہیں کہ ہم  نے حملہ نہیں کیا، تو کیا جنوں نے یہ واقعات کئے۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کے ریکارڈ کو تبدیل نہیں کیا جا سکتا اور نہ اسے مٹایا جا سکتا ہے، 9 مئی کو قومی سلامتی کے تشخص کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی جس کے تمام شواہد ان ویڈیوز میں عوام کے سامنے آ چکے ہیں، اب 9 مئی کے کیسز کا فوری طور پر فیصلہ ہونا چاہئے اور نہ صرف ان کیسز کا فیصلہ کیا جانے چاہئے بلکہ ان کو قوم سے معافی مانگنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ زیر التوا تمام جوڈیشل کیسز کا جلد سے جلد فیصلہ کیا جانے چاہئے اور دشمنوں کے ایجنڈے کو فروغ دینے والے ان ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچا جائے۔ عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ بار بار اس بات کو دہرایا جاتا تھا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے لے کر آئیں، اب یہ سامنے لے آئیں ہیں، بیانات آچکے ہیں، یہ ملک دشمن ہیں اور پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات نے مزید کہا کہ ان شواہد کی روشنی میں تحریک انتشار کے تمام لوگوں کو معافی مانگنی چاہئے، انہیں ان کیسز کا سامنا کرنا چاہئے اور اب تمام ثبوت قوم کے سامنے آ چکے ہیں۔