مہنگائی سے اشیائے خورونوش کی خریداری جیب پر بھاری
11-16-2024
(لاہور نیوز) مہنگائی سے اشیائے خورونوش کی خریداری جیب پر بھاری پڑنے لگی۔
سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی منافع خور متحرک ہو گئے، فارمی انڈوں کے دام روزانہ کی بنیاد پر بڑھنے لگے، ڈیمانڈ میں اضافے کے ساتھ ہی مصنوعی قلت پیدا کر دی گئی۔ آج بھی انڈوں کی قیمت مزید 2 روپے بڑھا کر 341 روپے درجن کر دیئے گئے، اوپن مارکیٹ میں ایک انڈہ 30 روپے تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ سرکاری ریٹ لسٹ میں 4 سبزیوں کے دام بڑھا دیئے گئے، ٹماٹر 180 روپے کلو، لیموں چائنہ 100 روپے کلو، شلجم 140 روپے کلو، گھیا کدو 100 روپے کلو تک فروخت ہو رہے ہیں۔ برائلر گوشت کی قیمت میں معمولی کمی کی گئی ہے، مرغی کا گوشت سات روپے کلو سستا، 504 روپے کلو میں دستیاب ہے۔ شہری کہتے ہیں انڈوں کے دام سمجھ سے باہر ہو چکے ہیں، غریب کے ساتھ متوسط طبقے کیلئے بھی بچوں کو انڈہ کھلانا آسان نہیں رہا۔