جعلی ایف بی آر اہلکاروں نے اشیائے خورونوش سے بھرا ٹرک لوٹ لیا
11-16-2024
(ویب ڈیسک) لاہور میں اصلی پولیس اہلکاروں نے جعلی ایف بی آر اہلکاروں کے ساتھ مل کر اشیائے خورونوش سے بھرا ٹرک روک لیا۔
نوسربازوں نے ٹرک کو تھانہ ساندہ لے جا کر وہاں 90 لاکھ روپے مالیت کا سامان لوٹا اور 14 لاکھ روپے رشوت بھی وصول کی۔ پولیس نے اے ایس آئی ماجد جہانگیر اور جعلی ایف بی آر انسپکٹر قیصر جوئیہ سمیت پانچ افراد کے خلاف تھانہ لوئر مال میں مقدمہ درج کرلیا جس میں اغواء، حبس بے جا میں رکھنے اور اختیارات سے تجاوز کی دفعات لگا دی گئیں۔ پولیس کے مطابق تاجر نذیر کی درخواست پر تھانہ لوئر مال میں مقدمہ درج کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ ساندہ تھانہ کے اے ایس آئی ماجد جہانگیر اور جعلی ایف بی آر ٹیم نے واردات کی۔ پولیس کی جانب سے واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔