جی ایچ کیو حملہ کیس:عمران خان سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم پھر ٹل گئی

11-16-2024

(ویب ڈیسک) انسداد دہشت گردی عدالت میں سانحہ 9 مئی کے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت، بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر پر فرد جرم تیسری بار بھی ٹل گئی۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ کے روبرو شیخ رشید احمد، امجد خان نیازی، عمر تنویر بٹ، واثق قیوم، میجر طاہر صادق، عمر ایوب و دیگر  کے وکلاء نے اپنے دلائل دیے۔ اس موقع پر پراسیکیوٹرز نے وکالت ناموں کے بغیر دلائل دینے پراعتراض کرتے ہوئے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ صرف وہی وکلاء دلائل دیں جنہوں نے وکالت نامے داخل کروا رکھے ہیں۔ پبلک پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے کہا کہ مقدمے میں نامزد 102 ملزمان کے وکلاء کے وکالت نامے ہی نہیں۔ انہوں نے استدعا کی کہ عدالت ملزمان کے کیسز کی پیروی کے لیے سٹیٹ کونسل مقرر کرے۔  علاوہ ازیں شیریں مزاری اور شکیل نیازی و دیگر کے وکلاء نے بھی اپنے دلائل مکمل کرلیے، جس کے بعد پراسیکیوشن کی جانب سے دلائل دیے گئے۔  عدالت نے سرکاری وکلاء کو شیخ رشید، شیریں مزاری، امجد نیازی و دیگر کی بریت کی درخواستوں پر آج ہی دلائل دینے کا حکم دیا جب کہ پیش ہونے والے تمام ملزمان کو حاضری کے بعد جانے کی اجازت دے دی۔ بعد ازاں عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں پیش نہ ہونے والے ملزمان کو چالان کی اضافی نقول تقسیم  کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 25 نومبر تک ملتوی کر دی۔ آئندہ تاریخ پر سرکاری وکلا بریت کی درخواستوں پر جوابی دلائل دیں گے۔