دوسرا ٹی 20: آسٹریلیا نے پاکستان کو 13 رنز سے شکست دے دی
11-16-2024
(لاہور نیوز) دوسرے ٹی 20 میچ میں میزبان آسٹریلیا نے پاکستان کو 13 رنز سے شکست دے کر سیریز 0-2 سے جیت لی۔
سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا کی جانب سے دیئے گئے 148 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم 19.4 اوورز میں 134 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی، پاکستان کی جانب سے عثمان خان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی کریئر کی پہلی نصف سنچری مکمل کی، وہ 35 گیندوں پر 52 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔ پاکستان کے کھلاڑیوں میں عرفان خان نے 37 اور کپتان محمد رضوان نے 16 رنز بنائے، صاحبزادہ فرحان نے 5 اور عباس آفریدی نے 4 رنز بنائے، بابراعظم نے 3 اور حارث رؤف نے 2 رنز بنائے۔ پاکستان کے چار کھلاڑی سلمان آغا، سفیان مقیم، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی بغیر کوئی رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کے سپینسر جانسن نے 26 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ ایڈم زمپا نے 2 اور زیویئر بارٹلیٹ نے ایک وکٹ لی۔ قبل ازیں آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز میتھیو شارٹ اور جیک فریزر میک گرک نے کیا، حارث رؤف نے 22 کے مجموعے پر پہلے جیک فریزر اور پھر کینگروز کپتان جوس انگلس کو پویلین کی راہ دکھائی، عباس آفریدی نے میتھیو شارٹ کو آؤٹ کیا، ایرون ہارڈی بھی عباس آفریدی کا شکار بنے۔ مقررہ 20 اووز میں آسٹریلیا نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے تھے، آسٹریلیا کے دیگر کھلاڑیوں میں گلین میکسویل 21، مارکس سٹوئنس 14، ٹم ڈیوڈ 18، ایرون ہارڈی 28، زیویئر بارٹلیٹ 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 4، عباس آفریدی نے 3 جبکہ سفیان مقیم نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔