پنجاب میں سموگ کے پیش نظر مزید پابندیاں، 2 اضلاع کی یونیورسٹیاں، کالجز بند

11-16-2024

(لاہور نیوز) لاہور سمیت پنجاب میں سموگ کے پیش نظر مزید پابندیاں لگا دی گئی ہیں، ڈی جی محکمہ ماحولیات نےلاہور اور ملتان میں یونیورسٹیز اور کالجز بند کر دیے، ڈی جی ماحولیات عمران حامدشیخ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

ڈی جی ماحولیات کی جانب سے جاری کر دہ نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور اور ملتان میں یونیورسٹیز اور کالجز بند رہیں گے، یونیورسٹیز اور کالجز کو آن لائن کلاسز پر منتقل کر دیا گیا، مری کے علاوہ تمام اضلاع کے سکولز24 نومبر تک بند رہیں گے، لاہور اور ملتان میں تمام تعمیراتی کاموں پر مکمل پابندی ہوگی۔ نوٹیفیکشن کے مطابق قومی سطح کے تعمیراتی کاموں کو اجازت ہو گی، ہیوی ٹریفک کی لاہور اور ملتان میں داخلے پر مکمل پابندی ہوگی، اینٹوں کے بھٹے، فرنس انڈسٹری کے کام پر بھی بندش ہوگی،لاہور اور ملتان میں ریسٹورنٹس صرف 4 بجے تک کام کریں گے، ریسٹورنٹس کو4  سے8 بجے تک ٹیک اوے کی اجازت ہو گی۔ لاہور اور ملتان میں ڈاکٹرز،نرسز، پیرامیڈیکل سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، لاہور اور ملتان میں تمام ہسپتالوں کی او پی ڈیز رات 8 بجے تک کام کریں گی، ریسکیو 1122 سموگ متاثرہ مریضوں کی معاونت کرے گا، 8 بجے کے بعد ریسٹورنٹس مکمل بند رہیں گے،تمام فیصلوں کا اطلاق16نومبر سے24  نومبر تک ہوگا۔ دوسری جانب فارمیسیز، ڈیپارٹمنٹل سٹورز، ڈیری شاپس، آٹا چکی، تندوروں کو استثنیٰ ہوگا۔