احتجاج کی کال دے کر پی ٹی آئی بڑی غلطی کررہی ہے: رانا ثنا اللہ
11-15-2024
(لاہور نیوز) مشیر وزیر اعظم برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ احتجاج کی کال دے کر پی ٹی آئی بڑی غلطی کر رہی ہے۔
دنیا نیوز کے پروگرام’’ٹونائٹ ود ثمر عباس‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والوں کا جیسا رویہ ویسی ہی تیاری کریں گے، پی ٹی آئی والے کہہ رہے ہیں سر پر کفن باندھ کر آئیں گے، کابینہ اجلاس میں وزیر اعظم پالیسی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج نافذ کرنے کی ضرورت نہیں ہے، اس سےنیچے ہی وزیر اعلیٰ کا بندوبست ہوسکتا ہے لیکن بندوبست کا طریقہ نہیں بتا سکتا، جو بھی آپشن ہوں گے آئین و قانون کے مطابق ہوں گے۔ مشیر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ وقت سے پہلےکچھ نہیں بتا سکتا، علی امین گنڈا پور کو اسلام آباد میں حملہ آور نہیں ہونے دیا جائے گا، تحریک انصاف والے بڑی غلطی کر رہے ہیں، ناکامی ان کے چہروں پر لکھی ہوئی ہیں، بانی پی ٹی آئی نے یکطرفہ فیصلہ کر دیا ہے۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اس بار بھی تحریک انصاف والے بڑا مظاہرہ نہیں کر سکیں گے، خیبرپختونخوا سےکچھ لوگ آسکتے ہیں، اپنے منہ سے آگ نکالنے والے سارے کمپرؤمائز ہے، نومن تیل ہو گا تورادھا ناچےگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹوکی باتوں میں حقیقت ہے، ان کی کچھ باتوں کو بہتر انداز میں حل کرنا چاہیے، بلاول کے اعتراضات کو دور کیا جائے گا، وہ ہمارے اتحادی ہیں، حکومت کےساتھ چلیں گے۔