چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے پی سی بی کا مؤقف قابل تعریف ہے: محمد عامر
11-15-2024
(ویب ڈیسک) قومی فاسٹ باؤلر محمد عامر نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کا مؤقف قابل تعریف ہے۔
چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے ایک ویڈیو پیغام میں فاسٹ باؤلر محمد عامر کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کوئی ابھی پاکستان کو نہیں ملی اس کا بہت پہلے فیصلہ ہو چکا تھا، پاکستان نے گراؤنڈز کی اپ گریڈیشن پر بہت رقم خرچ کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نہیں ہو سکتا آپ اتنا پیسہ لگائیں اور ایک ٹیم اٹھ کر نہ کھیلنے کا اعلان کر دے اور کہے ٹورنامنٹ ملتوی ہو جانا چاہئے، نہ کھیلنے اور ٹورنامنٹ ملتوی کرنے کے لئے کوئی وجہ بھی تو ہونی چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی انگلینڈ اور بنگلادیش کی ٹیمیں پاکستان میں کھیل کر گئی ہیں، انکار کے لئے آپ کو مضبوط وجوہات بیان کرنا پڑتی ہیں اور وجہ تو اس وقت کچھ بھی نہیں ہے۔ محمد عامر نے کہا کہ اگر آپ نے اسے انا کا مسئلہ بنایا ہوا ہے تو وہ آپ کی ہونی چاہئے اور اس کو الگ رکھیں، اگر آپ کھیلنا چاہتے ہیں تو کھیلیں پاکستان کی میزبانی بڑی اچھی ہوتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میں قصور وار آئی سی سی کو قرار دوں گا، یہ سب کچھ ان کی وجہ سے ہوا ہے، اگر کوئی نہیں کھیلنا چاہتا تو اس کی جگہ کوئی اور ٹیم شامل کر لیں ٹورنامنٹ کرائیں۔