حکومت کا یوٹرن! آئی ایم ایف سے کیپٹو پاور پلانٹس چلانے کی اجازت مانگ لی

11-15-2024

(ذیشان یوسفزئی) حکومت نے کیپٹو پاور پلانٹس کو بند کرنے والے فیصلے سے یوٹرن لیتے ہوئے آئی ایم ایف سے پلانٹس چلانے کی اجازت مانگ لی۔

ذرائع کے مطابق چند دن پہلے معیشت پر بوجھ پاور پلانٹس اب ناگزیر ہونے لگے ہیں، حکومت نے آئی ایم ایف سے درخواست کی ہے کہ کیپٹو پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار جاری رکھنے کی اجازت دی جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے اس پر تاحال کوئی جواب نہیں دیا، آئی ایم ایف کے مطالبے پر ان ہاؤس جنریشن والے پلانٹس کو بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ یاد رہے کہ جنوری 2025 تک ان پلانٹس کو گیس کی سپلائی بند کرنی تھی، ملک بھر میں تقریباً 1400 تک کیپٹو پاور پلانٹس لگے ہیں۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ کیپٹو پاور پلانٹس تقریباً 4000 سے پانچ ہزار میگاواٹ تک کے ہیں، کیپٹو پلانٹس کے چلنے سے نیشنل گرڈ سے بجلی کی طلب میں اضافہ نہیں ہو گا۔