معروف موسیقار فیروز نظامی کو مداحوں سے بچھڑے 49 برس بیت گئے
11-15-2024
(لاہور نیوز) نامور گلوکار محمد رفیع کو فلمی صنعت میں متعارف کرانے والے بے مثل موسیقار فیروز نظامی کو مداحوں سے بچھڑے 49 برس بیت گئے۔
10 نومبر 1910ء کو لاہور کے فنکار گھرانے میں پیدا ہونے والے فیروز نظامی نے کلاسیکی موسیقی کے اسرار و رموز سیکھنے کے بعد لاتعداد نغموں کی دھنیں مرتب کیں اور بہت جلد استاد کے درجے پر فائز ہو گئے۔ 1936ء کو لاہور میں آل انڈیا ریڈیو کی نشریات کا آغاز ہوا تو فیروز نظامی بطور پروڈیوسر منسلک ہو گئے، لاہور کے بعد دہلی اور لکھنؤ کے ریڈیو سٹیشن پر بھی وہ اپنے فن کا جادو جگاتے رہے۔ فیروز نظامی نے 1943ء میں ممبئی سے فلمی کیریئر کا آغاز کیا، 1947ء کو ممبئی میں انہوں نے دلیپ کمار اور نور جہاں کی میوزک بلاک بسٹر فلم جگنو کیلئے موسیقی ترتیب دی، تقسیم ہند کے بعد لاہور چلے آئے اور فلم چن وے کی موسیقی ترتیب دے کر شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئے، 1952ء کو آنے والی انکی فلم دوپٹہ اس دہائی کی واحد پاکستانی فلم قرار پائی۔ فیروز نظامی روایتی موسیقار ہی نہیں بلکہ فنِ موسیقی پر متعدد کتب کے مصنف بھی تھے، انکی تصنیفات میں اسرار موسیقی، رموز موسیقی اور سرچشمۂ حیات اور انگریزی میں لکھی دو کتابیں بھی شامل ہیں۔ فیروز نظامی 15 نومبر 1975ء کو حرکت قلب بند ہونے سے وفات پا گئے اور قبرستان میانی صاحب لاہور میں آسودہ خاک ہیں۔