محسن نقوی کا دورہ ہنگری، سوئٹزرلینڈ، یورپی یونین اور آئی آئی او کے وفود سے ملاقاتیں

11-13-2024

(لاہور نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دورہ ہنگری کے دوران بڈاپیسٹ میں اہم مصروفیات میں دن گزارا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی سے سوئٹزرلینڈ ، یورپی یونین اور انٹرنیشنل مائیگریشن آرگنائزیشن کے وزراء و سربراہان سے ملاقاتیں کیں، ملاقات کرنے والوں میں سوئٹزرلینڈ کی وزیر مائیگریشن کرسٹین شرنربورنر(Chirstine Schraner Burener) اوریورپی یونین کے مائیگریشن و داخلہ امور کے سربراہ جوہانس لچنر(Johannes Luchner) شامل تھے۔ انٹرنیشنل سنٹر فار مائیگریشن پالیسی ڈویلپمنٹ کے سربراہ مائیکل سپنڈ لیگر( Michael Spindelegger ) نے بھی وزیرداخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی، ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، غیر قانونی مائیگریشن اور انسانی سمگلنگ روکنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ محسن نقوی نے دوران گفتگو غیر قانونی مائیگریشن کے سدباب کے لئے مشترکہ اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انسانی سمگلنگ کثیر الجہتی چیلنج بن چکا ہے، انٹرنیشنل مافیاز کے گٹھ جوڑ سے کوئی بھی ملک تنہا نہیں نمٹ سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی چیلنج سے نمٹنے کیلئے عالمگیریت پالیسی اختیار کرنا ہو گی، غیر قانونی مائیگریشن اور انسانی سمگلنگ کے سدباب کے لئے یورپی یونین اور مائیگریشن پالیسی ڈویلپمنٹ کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے، آج ہم پائیدار اقدامات کر کے نئی نسلوں کے لیے نسبتاََ بہتر مستقبل چھوڑ سکتے ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اس ضمن میں باہمی وفود کے تبادلوں اور اداروں کی استعداد کار بڑھانے کے لئے اشتراک کار بڑھانا ہو گا، متعلقہ اداروں کے افسران کو خصوصی تربیت کیلئے سوئٹزرلینڈ، یورپی یونین اور انٹرنیشنل مائیگریشن پالیسی ڈویلپمنٹ کے تعاون ضروری ہے۔ آخر میں تینوں وفود نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو باہمی اشتراک کار بڑھانے کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی، اس موقع پر ہنگری میں پاکستان کے سفیر آصف حسین میمن اور متعلقہ سفارت کار بھی موجود تھے۔