سپریم کورٹ آئینی بنچز کی 14 اور 15 نومبر کی کازلسٹ جاری

11-13-2024

(لاہور نیوز) سپریم کورٹ کی جانب سے آئینی بنچز کی کازلسٹ جاری کر دی گئی، آئینی بینچ 14 نومبر کو 18 جبکہ 15 نومبر کو 16 مقدمات کی سماعت کرے گا۔

سابق صدر عارف علوی کو برطرف کرنے کیلئے اور عام انتخابات 2024 ری شیڈول کرنے کی درخواست بھی سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی اور درخواست میں انتخابات فروری سے مارچ کے پہلے ہفتے میں منتقل کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔ اسی طرح بیرون ملک کاروبار، اثاثے رکھنے والے ارکان اسمبلی کی نااہلی اور سرکاری افسران کے غیر ملکیوں سے شادی پر پابندی کیلئے دائر درخواست بھی سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی۔ علاوہ ازیں پی ڈی ایم حکومت میں ہونے والی قانون سازی کالعدم قرار دینے اور ماحولیاتی آلودگی سے متعلق مقدمات بھی سماعت کیلئے مقرر کر دیئے گئے، ماحولیاتی آلودگی سے متعلق مقدمات 1993، 2003 اور 2018 کے ہیں۔ یاد رہے جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں چھ رکنی آئینی بنچ کیسوں کی سماعت کرے گا۔