عمران خان سے ملاقات کیلئے جانیوالے پی ٹی آئی کے گرفتار قائدین کچھ ہی دیر بعد رہا

11-12-2024

(لاہور نیوز) بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے جانے والے تحریک انصاف کے رہنماؤں کو پنجاب پولیس نے گرفتار کرلیا تاہم کچھ دیر بعد انہیں رہا کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی قائدین بانی تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے تھے، گرفتار ہونے والوں میں قائد حزب اختلاف سینیٹ شبلی فراز، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا شامل تھے۔ پنجاب پولیس کی جانب سے تمام رہنماؤں کو دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر حراست میں لیا گیا تھا،  اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی احمد خان بھچر بھی اڈیالہ جیل کے باہر سے گرفتار ہونے والوں میں شامل تھے تاہم قائدین کو کچھ ہی دیر بعد اڈیالہ چوکی سے رہا کر دیا گیا۔ رہائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہمیں غیر قانونی طور پر چوکی کے حوالات میں بند رکھا گیا، ہم بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے آئے تھے، اپوزیشنن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ سینیٹ، قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈرز کو حبس بجا میں رکھا گیا، ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔ سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز بولے کہ ہم پلان کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے ملنے آئے تھے، ہم نے کسی بھی قسم کی مزاحمت نہیں کی، ہم نے کہا ہم واپس جارہے ہیں، جب واپس جانے لگے تو گاڑیوں سے گھسیٹا گیا۔