انٹرا پارٹی الیکشن معاملہ، پی ٹی آئی نے دوسری نظرثانی اپیل دائر کر دی
11-12-2024
(لاہور نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے انٹرا پارٹی الیکشن کے معاملے پر سپریم کورٹ کے 21 اکتوبر 2024 کے فیصلے کیخلاف دوسری نظر ثانی اپیل دائر کر دی۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دائر درخواست میں الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے 21 اکتوبر کا فیصلہ یکطرفہ طور پر دیا، قاضی فائز عیسیٰ کے بانی پی ٹی آئی اور تحریک انصاف سے متعلق ریمارکس اور فیصلے ان کے متعصب رویے کو واضح کرتے ہیں۔ سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا کہ ایڈووکیٹ حامدخان نے قاضی فائز عیسیٰ کے متعصب ریمارکس اور رویے پر دلائل دیے جن کو نہیں سنا گیا، نظرثانی درخواست میں مخصوص نشستوں سے متعلق قاضی فائز عیسیٰ کے فیصلے کا ذکر بھی کیا گیا ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ کے 13 جنوری اور 21 اکتوبر کے فیصلوں کے خلاف اپیل منظور کر کے نظرثانی درخواست پر دوبارہ سماعت کی جائے۔