آئی ایم ایف کا ایل این جی کی درآمد پر سرکاری ملکیتی اداروں کی اجارہ داری ختم کرنے کا مطالبہ
11-12-2024
(ذیشان یوسفزئی) عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے ایل این جی کی درآمد پر سرکاری ملکی اداروں کی اجارہ داری ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
آئی ایم ایف نے مطالبہ کیا ہے کہ ایل این جی کی درآمد پر سرکاری ملکیتی اداروں کی اجارہ داری ختم کی جائے، ایل این جی کی خریداری نجی شعبے کے ذریعے کی جائے تاکہ مقابلے کی فضا قائم ہو۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف حکام نے دورے سے قبل ایل این جی سیکٹر کے متعلقہ حکام سے حکومتی خریداری کے کردار پر رپورٹ طلب کی تھی، پاور ڈویژن حکام نے ایل این جی کی درآمد پر ورکنگ مکمل کر لی ہے، آئی ایم ایف حکام کو اس حوالے سے بریف کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ حکومتی سطح پر لانگ ٹرم ایگریمنٹ کے تحت پی ایس او اور پی ایل ایل ایل این جی درآمد کرتا ہے، ایگریمنٹ ختم ہونے کے بعد آئی ایم ایف کے اس مطالبے پر عملدرآمد یقینی بتایا جائے گا۔ پاور ڈویژن ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ اس وقت پاکستان حکومتی سطح پر ماہانہ دس کارگوز ایل این جی معاہدوں کے تحت منگواتا ہے، 9 کارگوز پی ایس او اور ایک پی ایل ایل درآمد کرتا ہے۔