سموگ کے بڑھتے اثرات کے باعث تمام اضلاع میں سکولز بند کر رہے ہیں، وزیر تعلیم
11-12-2024
(لاہور نیوز) صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ سموگ کے بڑھتے اثرات کے پیش نظر تمام اضلاع میں سکولز بند کر رہے ہیں۔
سموگ نے پنجاب کو جکڑ لیا جس سے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا، فضائی آلودگی سے تعلیمی سرگرمیاں بھی شدید متاثر ہو رہی ہیں، سموگ کے بڑھتے اثرات کے پیش نظر پنجاب کے تمام اضلاع میں نجی و سرکاری سکولز بند کر دیئے گئے۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا سکولوں کو بند کرنے کا فیصلہ اضلاع کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کی روشنی میں کیا گیا، تعلیمی نقصان کا احساس ہے مگر تعلیمی ادارے بند کرنے کا اقدام مجبوراً اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ بچوں کو سموگ کے مہلک اثرات سے بچانے کیلئے یہ انتہائی فیصلہ کرنا پڑا، عوام کو بھی شعور کا مظاہرہ کرنا ہو گا، اپنی گاڑیوں کی فٹنس یقینی بنائیں، انسداد سموگ کیلئے جو اپنے طور پر کیا جا سکتا ہے کم از کم وہ تو کریں۔ رانا سکندر حیات نے مزید کہا ہے کہ حکومت بچوں اور عوام کی سیفٹی کیلئے اقدامات کر رہی ہے، عوام تعاون کریں، آن لائن تدریس میں مشکلات کے پیش نظر متبادل حکمت عملی جلد لا رہے ہیں، سموگ کے باعث تمام سرکاری اور نجی سکولز 17 نومبر تک بند رکھے جائیں گے۔