پاکستان سے شکست کے بعد کینگروزبوکھلاہٹ کا شکار،سابق آسٹریلوی کرکٹر زکی اپنے کھلاڑیوں پر تنقید

11-11-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان کے ہاتھوں ون ڈے سیریز میں شکست پر سابق آسٹریلوی کرکٹرز نے اپنی ٹیم پر تنقید کےتیر چلانا شروع کردیے۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے سابق ٹیسٹ کپتان مائیکل کلارک نے پاکستان کیخلاف تیسرے ون ڈے میں اہم کھلاڑیوں کو آرام دینے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مجھے لگتا ہے عالمی چیمپئن کو ہارنے کی پرواہ ہی نہیں تھی۔ کہا جارہا ہے کہ آسٹریلیا نے پاکستان سے ون ڈے سیریز جیتنے سے زیادہ بھارت کے ساتھ پانچ ٹیسٹ میچز پر مشتمل بارڈر-گاوسکر ٹرافی جیتنے کو ترجیح دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی پہلے ٹیسٹ میں گیارہ دن باقی ہیں، آسٹریلیا کے لڑکے جو اس ٹیسٹ سیریز کا حصہ ہیں وہ ون ڈے کیوں نہیں کھیل سکتے؟۔ دوسری جانب سابق آسٹریلوی کرکٹر اور کوچ مائیک ہسی کا کہنا تھا کہ ایسا کہیں نہیں ہوتا کہ اہم میچ سے قبل 5کھلاڑیوں کو باہر بٹھا دیں، تینوں میچز میں آسٹریلوی بیٹنگ ایکسپوز ہوئی ہے۔  واضح رہے کہ اتوار کو ون ڈے سیریز کے فیصلہ کن میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دیکر 22 سال بعد میزبان ٹیم کیخلاف سیریز میں فتح حاصل کی تھی۔ آسٹریلیا نے اس اہم میچ میں پیٹ کمنز، مچل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ، اسٹیو اسمتھ اور مارنس لیبوشین کو آرام دینے کا فیصلہ کیا تھا جبکہ مچل مارش اور ٹریوس ہیڈ پہلے ہی پیٹرنٹی چھٹی پر تھے۔