وزیر اعظم عرب اسلامک سربراہ اجلاس میں شرکت کیلئے سعودیہ پہنچ گئے

11-10-2024

(ویب ڈیسک) وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف عرب اسلامک سربراہ کانفرنس میں شرکت کے لیے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچ گئے۔

ریاض کے رائل ایئرپورٹ ٹرمینل پر ریاض کے ڈپٹی گورنر شہزادہ محمد بن عبد الرحمان بن عبدالعزیز، سعودی عرب میں تعینات پاکستان کے سفیر اور دیگر سفارتی عملے  نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔ وزیر اعظم ہاؤس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عرب اسلامک سربراہی اجلاس سے خطاب کریں گے، اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کانفرنس کے موقع پر وزیراعظم کی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، دورہ سعودی عرب کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف کے ہمراہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔ یہ غیر معمولی سربراہی اجلاس سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے بلایا گیا ہے، جس میں غزہ اور فلسطین سمیت مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، یاد رہے سربراہ اجلاس میں عرب لیگ اور او آئی سی کے رکن ممالک کے سربراہان مملکت و حکومت شرکت کررہے ہیں۔