بجلی ونٹر پیکیج کے نام پر عوام کو بے وقوف بنایا گیا: امیر جماعت اسلامی

11-10-2024

(لاہور نیوز) امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ بجلی کے ونٹر پیکیج کے نام پر عوام کو بے وقوف بنایا گیا ہے۔

جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ سے جاری اپنے ایک بیان میں حافظ نعیم الرحمان  نے وزیر اعظم شہباز شریف کے مہنگائی کم کرنے کے دعوے کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ اگر ایسا ہے تو پھر پٹرول اور بجلی کی قیمتیں کم کیوں نہیں ہو رہیں؟  ان  کا کہنا تھا کہ سردیوں کے حوالے سے حکومت کے بجلی پیکیج پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کے ونٹر پیکیج کے نام پر عوام کو بے وقوف بنایا گیا ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ موجودہ حکومت ہی جھوٹ اور فارم 47 کی بنیاد پر کھڑی ہے، اگر مہنگائی کم ہے تو صنعتوں میں بہتری، بجلی و پٹرول کی قیمتیں کم کیوں نہیں ہو رہیں۔ حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز کو ہزاروں ارب روپے کیپیسٹی چارجز کی مد میں دیے جا رہے ہیں، اشرافیہ ٹیکس نہیں دیتی، غریبوں اور تنخواہ داروں کا خون نچوڑا جا رہا ہے، ملک میں 77 برسوں سے کوالٹی تعلیم دستیاب نہیں ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت 14 ہزار سکولوں کو پرائیویٹ سیکٹر کے حوالے کرنا چاہتی ہے مگر جماعت اسلامی اس فیصلے پر مزاحمت کرے گی۔