عمران خان کی رہائی کیلئے بانی کی فیملی کو باہر نکلنا ہو گا: فواد چودھری
11-10-2024
(لاہور نیور) سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے عمران خان کی فیملی کو باہر نکلنا ہو گا۔
دنیا نیوز کے پروگرام’’ٹونائٹ ود ثمر عباس‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا پی ٹی آئی سےانقلاب مینج نہیں ہو رہا، سارے معاملےمیں پاکستان پھنسا ہوا ہے، کوئی دورائے نہیں بانی پی ٹی آئی سب سے مقبول لیڈر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف سے اسٹرٹیجی سے متعلق غلطیاں ہوئیں، بانی پی ٹی آئی کی ہدایت کے مطابق پی ٹی آئی پر تنقید نہیں کرنا چاہتا، عمران خان کا بہت احترام کرتا ہوں، نو فروری کو پی ٹی آئی کو سڑکوں پر ہونا چاہیے تھا، اس دن احتجاج نہ کر کےبہت بڑی غلطی کی گئی۔ سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ محمود خان اچکزئی ناراض ہیں، بانی پی ٹی آئی اور فضل الرحمان کا افغان پالیسی سے متعلق موقف ایک ہے، وزیر دفاع کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ خواجہ آصف نے زندگی میں کبھی سچ نہیں بولا، اپوزیشن پارٹیوں کا الائنس نہ بنانے کا نقصان تحریک انصاف کو ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی،علیمہ خان کو عمران خان کی رہائی کے لیے باہر نکلنا ہو گا، بانی کی فیملی کے نکلنے سے لوگ ساتھ دیں گے، یہ موروثی سیاست نہیں ہے، پی ٹی آئی کی موجودہ لیڈرشپ نے مشکل حالات کا سامنا نہیں کیا، مشکل حالات کا ہم نےسامنا کیا، عمران خان نے موجودہ لیڈرشپ کو ایک ماہ کا وقت دیا ہے۔ آخر میں فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مسئلے ڈونلڈ ٹرمپ نہیں پاکستانیوں نےحل کرنے ہیں، سٹریٹ پرپشر بڑھانے کے لیے اپوزیشن الائنس کو آگے بڑھانا ہو گا۔