مشرق وسطیٰ کے حالات ابتر،غزہ میں فوری جنگ بندی کو یقینی بنانا ہو گا، اسحاق ڈار

11-10-2024

( ویب ڈیسک) نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ غزہ میں فوری جنگ بندی کو یقینی بنانا ہو گا۔

    سعودی عرب کے شہر ریاض میں دوسرے عرب اسلام سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ کے حالات ابتر ہو چکے ہیں، اسرائیل عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں کر رہا ہے، اسرائیلی فورسز غزہ میں جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل ہزاروں بے گناہ فلسطینیوں کو شہید کرچکا ہے، فلسطین کازکے لیے عرب لیگ اور او آئی سی کی کاوشیں قابل تعریف ہیں، فلسطینیوں کے حقوق کے لیے سب کو کردار ادا کرنا ہو گا، غزہ میں فوری جنگ بندی کو یقینی بنانا ہو گا۔ نائب وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل کو جنگی جرائم پر جواب دہ ٹھہرایا جائے، پاکستان نے ہمیشہ فلسطین کازکی حمایت کی ہے، غزہ میں اسرائیلی بربریت کی مذمت کرتے ہیں، فلسطینی بھائیوں کی حمایت جاری رکھیں گے، پاکستان نے فلسطینی بھائیوں کے لیے امدادی سامان پرمشتمل 12کھیپ بھیجیں۔