بابا گورونانک کے 555 ویں جنم دن کیلئے 3 ہزار بھارتی یاتریوں کو ویزے جاری
11-10-2024
(لاہور نیوز) سکھوں کے روحانی پیشوا بابا گورونانک کے 555 ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے پاکستانی ہائی کمیشن نیو دہلی نے 3 ہزار سے زائد بھارتی یاتریوں کو ویزے جاری کر دیئے۔
ترجمان پاکستانی ہائی کمیشن نے بتایا کہ بھارتی یاتریوں کو 14 سے 23 نومبر تک کا ویزا جاری کیا گیا ہے، بھارتی یاتریوں کو پاک بھارت مذہبی سیاحت کے 1974 کے معاہدے کے تحت ویزے جاری کئے گئے ہیں۔ سکھ یاتری 14 نومبر کی صبح واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان آئیں گے جبکہ گورونانک دیو جی کے 555 ویں جنم دن کی تقریب 15 نومبر کو گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں ہوگی، پاکستان میں 10 روزہ قیام کے دوران بھارتی سکھ یاتری گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال، گوردوارہ سچا سودا فاروق آباد، گوردوارہ روڑی صاحب ایمن آباد کے بھی درشن اور یاترا کریں گے۔ بھارتی مہمان گورودوارہ دربار صاحب کرتارپور میں 19 نومبر کو ہونے والی تقریب میں شریک ہوں گے جبکہ گوردوارہ ڈیرہ صاحب لاہور میں قیام کے بعد بھارتی یاتری 24 نومبر کو واہگہ بارڈر کے راستے واپس لوٹ جائیں گے۔ اس حوالے سے متروکہ وقف املاک بورڈ نے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں، 14 نومبر کو واہگہ بارڈر پر بھارتی مہمانوں کا استقبال کیا جائے گا۔ پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے بھارتی یاتریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پاکستان آتے وقت بھارتی کرنسی کے بجائے ڈالر لیکر آئیں تاکہ یہاں انہیں کرنسی نوٹ تبدیل کرانے اور کم ریٹ ملنے کی شکایات نہ ہوں۔