گجر پورہ: صلح کیلئے بلائی گئی پنچایت میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک
11-09-2024
(لاہور نیوز) گجر پورہ میں معمولی جھگڑے کے بعد صلح کے لیے بلائی گئی پنچایت میں مخالفین کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان گجر پورہ میں جبران، بختیار اور صدام خان نامی افراد کی 4 روز قبل مقتول صدام مغل اور اس کے بھائی قیصر سے لڑائی ہوئی تھی۔ پولیس کے مطابق علاقہ معززین کے کہنے پر فریقین صلح کے لیے چائنہ سکیم میں اکٹھے ہوئے، اسی دوران ان میں تلخ کلامی ہوئی جس پر ملزمان نے فائرنگ کردی ، گولیاں لگنے سے صدام مغل موقع پر ہلاک جب کہ اس کا بھائی قیصر زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے مقتول کے گھر پر فائرنگ بھی کی تھی، واقعہ کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئیں۔