میں نہیں سمجھتا عمران کی رہائی کیلئے امریکہ سے کال آئے گی: عطا تارڑ

11-08-2024

(لاہور نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ میں نہیں سمجھتا عمران خان کی رہائی کیلئے امریکہ سے کال آئے گی۔

دنیا نیوز کے پروگرام ’’ ٹونائٹ ود ثمر عباس‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر کہا جا رہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی ہو جائے گی، پہلے امریکہ کی غلامی نامنظور کے نعرے لگائے، اب کیا غلامی منظور کے نعرے لگائے جائیں گے؟ انہوں نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا امریکہ سے ایسی کوئی کال آئے گی، ماضی میں نواز شریف کو کال آئی تھی کہ ایٹمی دھماکے نہ کریں، نواز شریف نےکال کے باوجود ایٹمی دھماکے کیے، امریکہ سےکال آنے والی مضحکہ خیز باتیں کی جا رہی ہیں، میرے سامنے بانی پی ٹی آئی کی رہائی سےمتعلق کوئی مشاورت نہیں ہوئی۔ عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا سنگجانی، لاہور کا جلسہ ناکام ہوا، ناکامی ان کا مقدربن چکی ہے، ان سے چھ سے7ہزاربندے اکٹھے نہیں ہوتے، صوابی جلسہ کر کے شوق پورا کر لیں، یہ صرف شورشرابا کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگ 4 کنٹینر ہٹا نہیں سکتے تو تحریک کیسے چلائیں گے؟ جبکہ منی بجٹ کی باتیں کرنے والے سن لیں کوئی منی بجٹ نہیں آئے گا، سب افواہیں ہیں، مہنگائی سنگل ڈیجیٹ پر آچکی ہے، معاشی حالات دن بدن بہتر ہو رہے ہیں۔ بلاول بھٹو کے جوڈیشل کمیشن کے حوالے سے تحفظات کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کی جوڈیشل کمیشن کے قیام پر ذاتی رائے تھی، ناراضی نہیں، کرکٹ ٹیم کے حوالے سے سوال پر عطا تارڑ  نے کہا کہ اگر انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور بنگلادیش کی ٹیمیں پاکستان میں کھیل سکتی ہیں تو بھارتی ٹیم کیوں نہیں؟ بھارت کو کرکٹ میں سیاست نہیں کرنی چاہیے، چمپیئنزٹرافی پاکستان میں ہی ہو گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کی طرف سے باضابطہ کوئی پیغام نہیں آیا، دبئی میں کھیلنے کے حوالے سے میڈیا میں خبریں دیکھی ہیں، سارے میچز پاکستان میں ہی ہوں گے، بھارت اگر نہیں کھیلتا تو ان کی مرضی ہے، چیئرمین پی سی بی سے اس حوالے سے بات کریں گے۔