اقوام متحدہ کی فرسٹ کمیٹی نے پاکستان کی چار قرار دادیں منظور کر لیں : دفتر خارجہ
11-08-2024
(لاہور نیوز) ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ میں پاکستان کو ایک اور کامیابی مل گئی، یو این کی فرسٹ کمیٹی نے پاکستان کی طرف سے پیش کی گئی چار قرار دادیں منظور کر لیں۔
اسلام آباد میں ترجمان دفتر خارجہ کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی فرسٹ کمیٹی نے پاکستان کی پیش کردہ علاقائی تخفیف اسلحہ، علاقائی اور ذیلی علاقائی تناظر میں اعتماد سازی کے اقدامات پر قرارداد کو منظور کر لیا۔ اسی طرح پاکستان کی علاقائی اور ذیلی علاقائی سطح پر روایتی ہتھیاروں پر قابو پانے کی قرارداد بھی منظور کی گئی جبکہ غیر جوہری ریاستوں کو جوہری ہتھیاروں کے استعمال یا استعمال کی دھمکی کے خلاف موثر بین الاقوامی اقدامات کی تکمیل کی قرارداد کو بھی منظور کر لیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ تمام قرار داد کو پاکستان نے پیش کیا جنہیں من وعن منظور کیا گیا۔