عوام نے 'کبھی میں کبھی تم' کی اداکارہ نعیمہ بٹ کی سوشل میڈیا پرٹرولنگ شروع کردی
11-08-2024
(ویب ڈیسک)مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’کبھی میں کبھی تم‘ میں منفی کردار ادا کرنے والی اداکارہ نعیمہ بٹ کو سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
حال ہی میں فہد مصطفیٰ اور ہانیہ عامر کے مقبول ہونے والے ڈرامے ’کبھی میں کبھی تم‘ سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ نعیمہ بٹ ایک نجی ٹی وی پروگرام میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے ڈرامے میں اپنے کردار سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔ اداکارہ نے بتایا کہ ان کی والدہ چاہتی تھیں کہ وہ ڈاکٹر بنیں کیونکہ ان کی والدہ بھی ڈاکٹر تھیں تاہم نعیمہ بٹ ایسا نہیں چاہتی تھیں، نعیمہ بٹ نے بتایا کہ انہوں نے انٹرمیڈیٹ پری میڈیکل سے کیا تھا اور میڈیکل انٹری ٹیسٹ والے دن وہ سوتے سے اٹھی ہی نہیں اور جان کر انٹری ٹیسٹ چھوڑ دیا کیونکہ انہیں ڈاکٹر بننے میں کوئی دلچسپی نہیں تھی۔ کبھی میں کبھی تم کی اداکارہ نے بتایا کہ پھر انہوں نے ماس کمیونی کیشن میں ایڈمیشن لے لیا اور یوں شوبز کی دنیا سے جڑگئیں۔ نعیمہ بٹ کے اس انٹرویو کی کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس پر سوشل میڈیا صارفین اپنا ردعمل دے دیتے ہوئے اداکارہ پر تنقید کر رہے ہیں۔ صارفین کا کہنا ہے کہ میڈیکل انٹری ٹیسٹ بہت مشکل ہوتا ہے اداکارہ کی تیاری نہیں ہوگی اس لئے سوتی رہ گئیں جبکہ دیگر صارفین کا کہنا ہے کہ اداکارہ من گھڑت کہانی بنا رہی ہیں ہمیں تو ہماری مائیں بارش میں بھی ٹیسٹ کیلئے اُٹھا دیتی تھیں انکی والدہ انہیں ڈاکٹر بنانا چاہتی ہوتیں تو ضرور سختی کرتیں۔