آسٹریلیا کیخلاف شاندار فتح پر پنجاب اور سندھ کے وزرائے اعلیٰ کی ٹیم کو مبارکباد

11-08-2024

(لاہورنیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آسٹریلیا کیخلاف شاندار فتح پر قومی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے  اپنے ایک پیغام میں آسٹریلیا کو ایڈیلیڈ میں 28 سال بعد ون ڈے میچ ہرانے پر قومی ٹیم کو شاباش دی اورحارث رؤف ،صائم ایوب اور عبداللہ شفیق کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ امید ہے پاکستانی کرکٹ ٹیم فتح کا تسلسل برقرار رکھے گی۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں اور عوام کو مبارکباد دیتا ہوں،پاکستان کی آسٹریلیا کرکٹ ٹیم سے جیت خوشی کی بات ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آسٹریلیا میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے شاندار کامیابی حاصل کی، کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔