ملکی مارکیٹ میں دالوں کی قیمتوں میں بڑی کمی
11-08-2024
(ویب ڈیسک) مہنگائی سے پریشان عوام کے لئے خوشخبری آگئی ، عالمی مارکیٹ میں دالوں کے قیمتیں کم ہونے سے ہول سیل بازار میں بھی دالوں کی قیمتیں گر گئیں۔
چیئرمین ہول سیل گروسز ایسوسی ایشن عبدالروف ابراہیم کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل مارکیٹ میں دالوں کی قیمتوں میں 100 ڈالر فی ٹن سے زائد کمی ہوئی ہے، 860 ڈالر فی ٹن کی قیمت کم ہوکر 750 ڈالر فی ٹن سے بھی نیچے آگئی ہے، ستمبر سے اب تک کالا چنے کی قیمت میں 50 روپے کلو کی کمی آگئی ہے، رواں ماہ اور اگلے ماہ دالوں کے چھ جہاز لگ رہے ہیں جس کے بعد قیمت کے 250 روپے تک گرنے کے قوی امکانات ہیں۔ چیئرمین ہول سیل گروسز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ بھارت اورسری لنکا کی عالمی مارکیٹ سے خریداری بند کرنے کی وجہ سے عالمی بازار میں ریٹ کم ہوئے ہیں ، ریجن میں پاکستان واحد ملک ہے جو دالوں کی خریداری کر رہا ہے، ضلعی حکام ریٹیل کی سطح پردالوں کی قیمتیں کم ہونے کا فائدہ عام صارف کو پہنچائیں۔ عبدالرؤف ابراہیم نے مقامی امپورٹرز سے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی بازار کم ہونے سے مقامی امپورٹرز کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے ، 400 روپے فی کلو چنے کی دال 360 روپے ،جبکہ اگلے مہینے تک 300 روپے تک دستیاب ہوگی ، ماش کی دال 500 روپے کلو سے کم ہوکر 425 روپے فی کلو میں دستیاب ہے، کابلی چنا اول 400 روپے سے کم ہوکر 355 روپے کلوہوگیا ہے، کابلی چناچھوٹا 320 روپے سے کم ہوکر295 روپے کلوہوگیا ہے ۔