وزیراعلیٰ پنجاب کا کاشتکاروں کیلئے مفت ٹریکٹرز کا اعلان
11-08-2024
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں گندم کی زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے کاشتکاروں کیلئے اربوں روپے کا انعامی پیکیج متعارف کروا دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی طرف سے گندم کے کاشتکاروں کے لئے مفت ٹریکٹرز اور لینڈلیولرز کا اعلان کر دیا گیا، ساڑھے 12 تا 25 ایکٹر رقبے پر گندم کاشت کرنے والے کسانوں کے لئے 1000 لینڈ لیولرز مفت دئیے جائیں گے، 25 ایکڑ سے زائد رقبہ پر کاشت کرنیوالے کسانوں کو 1000 گرین ٹریکٹرز بالکل مفت ملیں گے۔ مریم نواز شریف کا کہنا ہے پنجاب کے کاشتکار کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، پورا ساتھ دیں گے، کاشتکار ہمارے بھائی ہیں، ان کی ترقی کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کریں گے، پنجاب میں کاشتکار کی خوشحالی اور زراعت کی بحالی اولین ترجیح ہے، گندم کی کاشت پر کسانوں کو کسان کارڈ کے ذریعے بلاسود معیاری بیج، کھاد اور پیسٹی سائیڈ مہیا کی جا رہی ہیں۔ مریم نواز شریف کا کہنا تھا چند ماہ میں کاشتکاروں کے لئے ایسے ریکارڈ پراجیکٹ شروع کئے جن کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، گندم کے کاشتکاروں کو گرین ٹریکٹرز اور لینڈ لیولرز بذریعہ قرعہ اندازی دئیے جائیں گے، کاشتکار مفت ٹریکٹر اور لینڈ لیولرز سکیم کے لئے ایگری کلچرل ہیلپ لائن 0800-17000 پر کال کر سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا مزید کہنا تھا گندم کے کاشتکار مفت ٹریکٹر اور لینڈلیولرز کے لئے ایگری کلچر کی ویب سائٹ اور فیس بک پر رجوع کر سکتے ہیں، گندم کے کاشتکار متعلقہ محکمہ زراعت کے توسیع آفس سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔