سموگ سے بچاؤ کیلئے شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خواجہ عمران نذیر

11-07-2024

(لاہور نیوز) وزیرصحت خواجہ عمران نذیر کا کہنا ہے سموگ سے بچاؤ کیلئے ہر شہری کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہوں گی۔

میڈیا سے گفتگو میں وزیرصحت خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا ہسپتالوں اور مارکیٹ میں ادویات کی کمی نہیں ہونے دی جائے گی، پوری کوشش کر رہے ہیں کہ مارکیٹ میں فیس ماسک کی قلت پیدا نہ ہو، شاہراہوں پر شہریوں میں ماسک تقسیم کرنے کا مقصد انہیں آگاہی فراہم کرنا ہے۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا سموگ سے بچاؤ کیلئے پنجاب حکومت نے پیشگی اقدامات شروع کر دیئے تھے، شہریوں کے تعاون سے ڈینگی کی طرح سموگ پر بھی قابو پا لیں گے، سموگ سے بچاؤ کیلئے ہر شہری کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہوں گی، تمام شہریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ سموگ سے بچاؤ کیلئے فیس ماسک لازمی پہنیں۔ ان کا مزید کہنا تھا اس وقت ہیلتھ ایمرجنسی کا نفاذ ہو چکا ہے، سرکاری ہسپتالوں میں سموگ سے متاثرہ مریضوں کیلئے خصوصی ڈیسک قائم کر دیئے ہیں، لاہور سموگ سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، ملتان، گوجرانوالہ اور شیخوپورہ سمیت دیگر شہر بھی سموگ سے متاثر ہو رہے ہیں۔