لاہور ہائیکورٹ نے کمرشل استعمال ہونے والے جنریٹرز پر پابندی عائد کر دی
11-07-2024
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے کمرشل استعمال ہونے والے جنریٹرز پر پابندی عائد کر دی، آئندہ سات روز میں جنریٹرز میں اِنورٹر لگانے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ نے سموگ تدارک کیلئے درخواست پر گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کر دیا، جسٹس شاہد کریم نے 4 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کر دیا، عدالت نے کمرشل استعمال کے جنریٹرز پر مکمل طور پر پابندی لگا دی، عدالت نے احکامات جاری کئے کہ جو دکاندار اپنے جنریٹر میں اِنورٹر نہیں لگاتے ان کے جنریٹر سیل کر دیئے جائیں۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کی جانب سے قصور میں چمڑے کی فیکٹریوں بارے رپورٹ پیش کی گئی،عدالت نے حکومت کے تجاوزات ختم کرنے کے اقدام کو بھی سراہا اور کہا کہ تجاوزات ختم کرنے سے ٹریفک کی روانی متاثر نہیں ہوتی۔ عدالت نے پی ایچ اے کو کینال روڈ پر موجود درختوں کی ٹہنیوں کو کاٹنے کا حکم بھی دے دیا، عدالت نے کہا ٹہنیوں کو مکمل صاف کیا جائے تاکہ مسافروں کو روڈ سائن واضح نظر آئیں۔