وزیر اعظم شہباز شریف نے گلگت بلتسان میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا
11-06-2024
(لاہور نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے گلگت بلتسان میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبوں کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج یہاں کے دورے کے دوران میری اپنے بہنوں اور بھائیوں سےملاقات ہوئی۔ انہوں نے اپنے دورے کے دوران عطا آباد جھیل سے پن بجلی کےمنصوبے جبکہ سکردومیں ہپروپن بجلی کےمنصوبے اور علاقائی گرڈ کی تعمیرکا سنگ بنیاد بھی رکھ دیا، اسی طرح محمد شہباز شریف نےگریٹر واٹر سپلائی ہنزہ کےمنصوبے کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ غذر کے علاقے میں 2022 میں قدرتی آفات سے پورا گاؤں تباہ ہو چکا تھا، غذر کے دورے کے دوران گاؤں دیکھ کر سکتہ طاری ہو گیا، میں نے اپنے دورے کے دوران تباہ حال مکانوں کی تعمیرات کے احکامات دیئے تھے آج مطمئن ہوں کہ پورے گاؤں میں گھر بن چکے ہیں۔ محمد شہباز شریف نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ غذر میں 10 کنال اراضی پر ماڈل ویلیج بنے گا جبکہ گلگت بلتسان میں 100 میگا واٹ شمسی توانائی کا منصوبہ لگے گا، منصوبے سے گلگت بلتستان میں بجلی کی دستیابی بہتر ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بلتستان اور قراقرم یونیورسٹی کے لیے پچاس، پچاس کروڑ روپے کے فنڈ مختص کیے ہیں جبکہ ٹیکنیکل یونیورسٹی کا بھی افتتاح کر دیا، گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کیلئے امیر قطر سے بھی بات کی ہے۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ کئی منصوبے تکمیل کے مرحلے سے گزر رہے ہیں، ترقیاتی منصوبوں کا کریڈٹ میاں نواز شریف کوجاتا ہے، آج ہمیں مل کر عہد کرنا ہو گا کہ پاکستان کو عظیم تر بنائیں گے۔