جاوید بٹ قتل کیس، ملزم قیصر بٹ اور امیر فتح ٹیپو کی عبوری ضمانتوں میں توسیع
11-06-2024
(لاہور نیوز) جاوید بٹ قتل کیس میں ملزم قیصر بٹ اور امیر فتح ٹیپو کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کر دی گئی۔
ایڈیشنل سیشن جج سرفراز احمد نے طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ قتل کے مقدمہ میں ملوث ملزموں کی قبل ازگرفتاری ضمانتوں پر سماعت کی۔ درخواست گزاروں کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ قیصر بٹ اور امیر فتح ٹیپو کا اس قتل میں کوئی کردار نہیں ہے، دیرینہ دشمنی کے باعث اس کیس میں ملوث کیا گیا، ہم بے گناہ ہیں شامل تفتیش ہو کر اپنی بے گناہی ثابت کرنا چاہتے ہیں، عدالت ملزموں کی عبوری ضمانتیں منظور کرنے کا حکم اور پولیس کو گرفتاری سے روکنے کا حکم دے۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزمان سے تفتیش مکمل نہیں ہوئی، مزید وقت دیا جائے۔ عدالت نے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کو جلد تفتیش مکمل کرنے کا حکم دے دیا اور ملزم قیصر بٹ اور امیر فتح ٹیپو کی عبوری ضمانتوں میں 20 نومبر تک توسیع کا حکم جاری کر دیا۔