سموگ میں اضافہ، لاہور سمیت 4 ڈویژنز میں 17 نومبر تک ہائرسیکنڈری تک تعلیمی ادارے بند
11-06-2024
(لاہور نیوز) سموگ میں خطرناک اضافے کے پیش نظر لاہور سمیت 4 ڈویژنز میں 17 نومبر تک ہائرسیکنڈری تک تعلیمی ادارے بند کر دیئے گئے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے وزیرصحت عمران نذیر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا بھارت سے آنے والی آلودہ ہواؤں سے سموگ کی شرح بڑھ رہی ہے، ہوا کا رُخ بدلنے سے مختلف اضلاع میں فضائی آلودگی پھیل رہی ہے، مونجی کی فصل کی باقیات جلانے سے دھوئیں میں اضافہ ہو رہا ہے، سموگ کے پیش نظر پرائمری سکولوں کو بند کیا گیا، پرائمری کے بعد سیکنڈری اور ہائی سیکنڈری سکولوں کو بھی بند کر رہے ہیں، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ملتان ڈویژنزمیں سکولز آن لائن کام کریں گے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سموگ کے تدارک کے حوالے سے کام جاری ہے، زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں، بھٹوں کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں، زراعت اور صنعتوں میں سموگ کے تدارک کے حوالے سے خصوصی سکواڈ تعینات کئے گئے ہیں، گرین ایپ پر اے کیو آئی دیکھا جا سکتا ہے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کل لاہور کے ہسپتالوں میں سموگ کے 900 سے زائد مریض رپورٹ ہوئے ہیں، ماسک نہ پہننے سے خطرناک میتھین گیس جسم میں داخل ہو رہی ہے، آج صبح کے وقت لاہور کا اے کیو آئی 1100 سے زائد ریکارڈ کیا گیا، شہری غیرضروری گھروں سے باہر نہ نکلیں اور ماسک لازمی پہنیں، سموگ سےلاہور، گوجرانوالہ، ملتان، قصور اور شیخوپورہ کے اضلاع زیادہ متاثر ہیں۔