جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز: فخر، امام کی واپسی کے امکانات روشن

11-06-2024

(ویب ڈیسک) جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز میں قومی ٹیم میں سٹار اوپنرز فخر زمان اور امام الحق کی واپسی کے امکانات روشن ہوگئے۔

نومبر میں آسٹریلیا اور زمبابوے کے خلاف وائٹ بال سیریز کے بعد قومی ٹیم جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی20 سیریز کیلئے تیاریاں شروع کرے گی۔ پاکستانی ٹیم کو جنوبی افریقہ کیخلاف 3 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور 2 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کی سیریز کیلئے روانہ ہونا ہے، سیریز کے تینوں ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں۔ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان آئندہ سیریز کیلئے وائٹ بال سکواڈ میں 2 قابل ذکر تبدیلیوں پر غور کررہا ہے جس میں امام الحق اور فخر زمان کی واپسی کا امکان ہے۔ فخر زمان کا اخراج ایک متنازع ٹویٹ سے ہوا تھا جس میں بابراعظم کو ڈراپ کرنے کے حوالے سے تنقید کی گئی تھی، بعدازاں انہیں سینٹرل کنٹریکٹ کا بھی حصہ نہیں بنایا گیا۔ فخر زمان کو اپنے تبصروں کی وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے شوکاز نوٹس موصول ہوا تھا جس کے نتیجے میں آسٹریلیا کے خلاف جاری وائٹ بال سیریز کے لیے سکواڈ سے باہر کر دیا گیا تھا۔ دوسری جانب امام الحق کا ٹریک ریکارڈ مضبوط ہے، ان کی 72 ون ڈے میچز میں 48.27 کی شاندار اوسط رہی، 50 اوورز فارمیٹ میں انہوں نے آخری میچ ورلڈکپ 2023 میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلا تھا۔