پالیسی ریٹ میں کمی خوش آئند، قرضوں میں کمی آئے گی: وزیراعظم شہباز شریف

11-05-2024

(لاہور نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پالیسی ریٹ میں کمی خوش آئند ہے، پالیسی ریٹ میں کمی سے قرضوں میں کمی آئے گی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہمارا پالیسی ریٹ 22 فیصد سے 15فیصد پر آ گیا ہے، پالیسی ریٹ کا 15فیصد پر آنا خوش آئند پیشرفت ہے، پالیسی ریٹ میں کمی کاروبار، صنعت اور دیگر شعبوں کیلئے اچھی خبر ہے، پالیسی ریٹ کم ہونے سے قرضوں کے حجم میں کمی آئے گی، ملک میں معاشی استحکام کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی بینک نے گزشتہ چند ماہ میں پالیسی ریٹ میں بتدریج کمی کی، معاشی اشاریے مثبت سمت کی جانب گامزن ہیں، معیشت مستحکم بنیادوں پر آگے بڑھ رہی ہے، ایسے ہی بہتری آتی رہی تو معیشت اچھے طریقے سے آگے بڑھے گی، سردیوں کیلئے بہت اچھی ونٹر پیکیج خبر ہے، چاہتے ہیں عام آدمی کو ریلیف ملے اور روزگار بڑھے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میں نے سعودی عرب کا دورہ کیا تھا، محمد بن سلمان سے گفتگو  ہوئی، سعودی ولی عہد نے پاکستان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، بزنس ٹو بزنس معاہدوں پر پیشرفت ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے دورہ سعودی عرب کے تناظر میں ہمارا وفد سعودی عرب گیا ہے، وفد کے دورے میں شمسی توانائی، ہنرمند افرادی قوت اور کان کنی کے شعبوں سے متعلق امور زیر غور آئیں گے، پاکستانی وفد آئی ٹی ،معدنیات اور توانائی کے شعبے پر بات کرے گا۔ وزیراعظم  نے مزید کہا کہ آذربائیجان کے ساتھ بھی 2 ارب ڈالر کے معاہدوں کے حوالے سے بات ہوئی ہے، یہ ہم پر منحصر ہے کہ کس حد تک ایم او یوز سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔