صوبائی دارالحکومت میں فضائی آلودگی، انفلوئنزا، وائرل انفیکشن سے شہری متاثر
11-05-2024
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں فضائی آلودگی برقرار ہے، انفلوئنزا اور وائرل انفیکشن سے شہری متاثر ہونے لگے۔
ہسپتالوں میں خشک کھانسی، سانس میں دشواری کے مریضوں میں اضافہ جاری ہے، بچوں میں نمونیہ، چیسٹ انفیکشن اور خشک کھانسی کی بیماری بڑھ رہی ہے،آنکھوں میں جلن اور جلدی امراض میں بھی اضافہ ہونے لگا، عارضہ قلب اور دمہ کے مریض بھی شدید متاثر ہونے لگے۔ شہر میں انفلوئنزا فلو کی ویکسین نایاب ہو گئی، گزشتہ ایک روز میں شہر کے 5 بڑے سرکاری ہسپتالوں میں اب تک سموگ سے 8000 سے زائد مریض رپورٹ ہوئے، میو ہسپتال میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 2600 سے زائد مریض رپورٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ جناح ہسپتال میں 2200 جبکہ گنگارام ہسپتال میں 1900 سے زائد مریض رپورٹ ہوئے، سروسز ہسپتال اور جنرل ہسپتال میں بھی سموگ سے متاثرہ مریضوں کی کافی بڑی تعداد رپورٹ ہوئی ہے۔