عمران خان کی زندگی خطرے میں، ڈیل کی باتوں میں صداقت نہیں: علیمہ خان
11-04-2024
(لاہور نیوز) بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ ہماری نظر میں عمران خان کی زندگی خطرے میں ہے، ڈیل کی باتوں میں کوئی صداقت نہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اب ایک ہی چیز پر قائم ہیں کہ اب انصاف کیلئے انقلاب لانا پڑے گا، ہمیں معلوم ہے یہ ہمیں جیل میں ڈال دیں گے، دھمکیاں آتی ہیں، ہم پر 10ایف آئی آرز ہیں، ہم پر 5 تاریخ کی ایف آئی آر ہے لیکن 4تاریخ کو اٹھا لیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ گھروں میں گھس کر دس دس سال کے بچوں کو گھسیٹا جا رہا ہے، نئے چیف جسٹس سے اپیل ہے ان معاملات کا نوٹس لیں، ملک میں لاقانونیت بند نہ ہوئی تو کہیں لوگ سڑکوں پر قانون ہاتھ میں نہ لے لیں، ہماری نظر میں بانی پی ٹی آئی کی زندگی خطرے میں ہے۔ علیمہ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا ہے وہ ڈیل کر رہے ہیں نہ ان کے پاس کوئی آیا ہے، یہ صرف قیاس آرائیاں ہیں عمران خان ڈیل کر رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی کسی چیز پر سمجھوتہ کرنے کیلئے تیار نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ روز خوشخبری سنتے ہیں بانی پی ٹی آئی جلد نکل رہے ہیں، ہمیں معلوم ہے ان کا عمران خان کو جیل سے نکالنے کا کوئی ارادہ نہیں، پرامن احتجاج ہمارا حق ہے، ہم بانی پی ٹی آئی کو جیل سے نکلوائیں گے۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ یہ وہ لمحہ ہے جب ہم واقعی اپنی آزادی حاصل کر سکتے ہیں، اگر آج ہم اٹھ کر کھڑے نہ ہوئے تو ایڑیاں رگڑتے مر جائیں گے، چادر، چار دیواری کا کوئی تقدس نہیں، بانی پی ٹی آئی نے آج پوری قوم سے التجا کی ہے۔ سلمان اکرم راجہ کا مزید کہنا تھا کہ ہم 9 تاریخ کو صوابی میں جلسہ کر رہے ہیں، 9 تاریخ ایک نئی ابتدا ہو گی، یہ کوئی سیاسی کھیل نہیں، بقا کی بات ہے ہم سب کو اپنی آزادی کیلئے باہر آنا ہو گا، ہماری یہ تحریک بانی پی ٹی آئی کی رہائی پر اختتام پذیر ہو گی۔