پی آئی اے کو خریدنے کا پنجاب حکومت کا کوئی ارادہ نہیں، عظمیٰ بخاری

11-04-2024

(لاہور نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے پی آئی اے کو خریدنے کا پنجاب حکومت کا کوئی ارادہ نہیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کل پنجاب کے حوالے سے ایک خبر شائع ہوئی، کہا گیا باقی صوبوں کی مالیاتی حالت اچھی ہے مگر پنجاب کی بری ہے، شاید خبر میں پوری بات بتا دیں تو مزہ ختم ہو جاتا ہے، پنجاب 630 ارب روپے کا سرپلس بجٹ دینے جا رہا ہے، ایف بی آر بھی اپنے اہداف حاصل کر  لے گا، پنجاب نے پہلے سے ہی مالیاتی ڈویژن کو آگاہ کر دیا تھا، پہلا ڈویژن خرچوں کی وجہ سے بھاری ہو گا، پنجاب نے گندم قرض کی واپسی کر دی ہے، ہم  نے 56 ارب روپے کے اضافی مارک اپ سے پنجاب کو بچا لیا ہے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا آئی ایم ایف ٹی بلز کو کیش بیلنس کی شکل میں لیتا ہے، پنجاب نے ٹی بلز میں 200 ارب روپے سرمایہ کاری بھی کی ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز کے دور میں اخراجات پر کنٹرول کیا جو پہلے کبھی نہیں ہوا، ایک فساد پارٹی جو 1 ہزار ارب روپے سے زیادہ کے مقروض ہیں وہ اپنے سکول و کالج چلانے کے قابل نہیں، وہ پنجاب کے خلاف خبر کو اچھال رہے ہیں۔ وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا پی آئی اے کی نجکاری کے پہلے مرحلے میں بولی ہوئی، پی آئی اے کی ڈائریکٹ پروازوں کا مسئلہ تو ہے، قائد نواز شریف نے یہ کہیں نہیں کہا پی آئی اے خریدنے جا رہے ہیں، پی آئی اے کو خریدنے کا پنجاب حکومت کا کوئی ارادہ نہیں، کل گورنر سندھ بھی پی آئی اے والے معاملے پر بات کر رہے تھے، کوئی بھی صوبائی حکومت اپنی ایئرلائن کو لانچ کر سکتی ہے، فی الحال صوبہ پنجاب میں ایسی کوئی تجویز نہیں، حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں ہوتا، کاروبار کے حالات کو سازگار بنانا حکومت کا کام ضرور ہوتا ہے، کوئی اور صوبے، کاروباری حضرات مل کر ایئرلائن بنائیں تو یہ بھی ٹھیک ہے۔ وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا گنڈاپور اپنی ہی نوعیت کا نمونہ ہے جو اللہ نے بھیجا ہے، مریم نواز نے بھی جب والدہ کی بیماری کی خبر سنی تو آنکھیں سوجھی ہوتی تھیں، ان کے دور میں بشریٰ بی بی کی مرضی سے رانا ثنااللہ اور احسن اقبال پر ظلم کیا گیا، نواز شریف کو بشریٰ بی بی کے کہنے پر راستے سے اٹھایا گیا، دعا کر سکتی ہوں کہ بشریٰ بی بی کے لئے آسانیاں پیدا ہوں، ان کو توشہ خانہ کے جواب تو دینے پڑیں گے، بقول بانی پی ٹی آئی کے رسیدیں تو ان کو دینی پڑیں گی۔ سموگ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا جیسے ہی ہوا کا رخ اس طرف آتا ہے انڈیکس تبدیل ہوتا ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز بھارتی وزیراعلیٰ پنجاب کو خط لکھیں گی، انشاءاللہ آج بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ کو خط لکھ دیا جائے گا، ہمیں اپنی حکمت عملی کے بارے میں علم ہے، فارن آفس کے ذریعے خط بھیجا جائے گا۔ لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 280 کے قریب ہے، بزرگ اور بچے گھروں سے غیر ضروری نہ نکلیں۔