ملک میں کپاس کی پیداوار کے ریکارڈ امکانات ظاہر ہونے لگے

11-03-2024

(ویب ڈیسک) کپاس کی مجموعی قومی پیداوار میں غیر متوقع طور پر ریکارڈ اضافے کے امکانات پیدا ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق15 سے 31اکتوبر کے دو ہفتوں میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کی نسبت کپاس کی پیداوار میں حیران کن طور پر 50فیصد کے لگ بھگ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے،کاٹن ایئر2024-25 کے دوران کپاس کی مجموعی پیداوار جو اس سے قبل 50 سے 55لاکھ گانٹھ تصور کی جارہی تھی وہ اب 60لاکھ گانٹھ تک بڑھنے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔  چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق نے بتایا کہ کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق ملک بھر کی جننگ فیکٹریوں میں 31اکتوبر تک 37فیصد کی کمی سے مجموعی طور پر 42لاکھ 91ہزار روئی کی گانٹھوں کے مساوی پھٹی کی ترسیل ہوئی ہے۔  رپورٹ کے مطابق مذکورہ عرصے تک پنجاب کی جننگ فیکٹریوں میں 18لاکھ 42ہزار جبکہ سندھ کی جننگ فیکٹریوں میں 24لاکھ 49ہزار گانٹھوں کے مساوی پھٹی پہنچی ہے جو کہ پچھلے سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں بالترتیب 39اور 26فیصد کم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 15سے 31اکتوبر تک ملک بھر کی جننگ فیکٹریوں میں ریکارڈ 11لاکھ 90ہزار گانٹھوں کے مساوی پھٹی پہنچی ہے جبکہ پچھلے سال انہیں دو ہفتوں کے دوران 7لاکھ 98ہزار گانٹھوں کے مساوی پھٹی جننگ فیکٹریوں میں پہنچی تھی۔