ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ ترجیح ہے: وزیر اعظم
11-03-2024
(لاہور نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ ترجیح ہے۔
لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف سے برطانیہ کے کاروباری وفد نے ملاقات کی۔ زبیرعیسیٰ کی سربراہی میں وفد میں برطانیہ کی سرکردہ کاروباری شخصیات شامل تھیں۔ اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پاکستان اوربرطانیہ کے درمیان بزنس ٹوبزنس تعلقات کومزید بہتربنانے پرتبادلہ خیال کیا گیا جبکہ وفد نے ملکی معیشت کے استحکام کے لیے وزیراعظم کی معاشی پالیسیوں کی تعریف کی۔ اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھاکہ ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کاروباری برادری کوایس آئی ایف سی کے ون ونڈو آپریشن کے ذریعے بہترین سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی کوششوں سے حالیہ دنوں میں ملکی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہوئی ہے تاہم اس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ہے۔