سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ، اساتذہ سے ٹی این اے ٹیسٹ لینے میں ناکام

11-03-2024

(لاہور نیوز) اٹھانوے فیصد سے زائد اساتذہ کی جانب سے مبینہ طور پر ٹی این اے ٹیسٹ کا بائیکاٹ کرنے پر محکمہ تعلیم نے سیکڑوں اساتذہ کے معطلی آرڈرز جاری کر دیئے۔

سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو اساتذہ سے ٹی این اے ٹیسٹ لینے میں ناکامی، اٹھانوے فیصد سے زائد اساتذہ نے ٹیسٹ کا بائیکاٹ کر دیا، محکمہ تعلیم کیلئے اساتذہ کی جانب سے ٹیسٹ نہ دینے پر مشکلات کا سامنا ہے۔ ذرائع کےمطابق ابھی تک ٹی این اے ٹیسٹ میں صوبہ بھر سے صرف 4100 اساتذہ نے شرکت کی، صوبہ بھر میں اساتذہ کی تعداد 3 لاکھ چھبیس ہزار ایک سو ہے۔ امتحان کا شیڈول جاری ہونے کے باوجود تاحال 3 لاکھ بائیس ہزار اساتذہ نے ٹیسٹ نہیں دیا، سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے امتحان نہ دینے والے اساتذہ کیخلاف کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ کارروائی کرتے ہوئے سیکڑوں سکول سربراہان اور اساتذہ کو معطلی کے آرڈرز جاری کر دیئے گئے ہیں اور انھیں 7 روز میں محکمہ کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاہم معطل ہونیوالوں میں زیادہ تر اساتذہ یونین کے عہدیدار ہیں۔