ڈیفنس: 13 سالہ گھریلو ملازمہ پر بہیمانہ تشدد، سر کے بال بھی کاٹ دیئے
11-03-2024
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں گھریلو ملازمہ پر تشدد کرنے والے دو افراد گرفتار جبکہ خاتون مالکہ فرار ہو گئی۔
پولیس کے مطابق گھریلو ملازمہ کو کام ٹھیک نہ کرنے پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا، متاثرہ لڑکی نے اپنے ویڈیو بیان میں الزام لگایا کہ گھر پر موجود خاتون اور ان کے خاوند نے مل کر اس پر تشدد کیا، اسے ڈنڈوں سے مارا گیا اور سر کے بال بھی کاٹے دیئے گئے۔ ملازمہ کے اہل خانہ کے مطابق تشدد سے لڑکی کے بازو، آنکھ اور کان متاثر ہوئے جبکہ سر کے پچھلے حصہ پر بھی تشدد کے نشان پائے گئے ہیں، متاثرہ لڑکی جڑانوالہ فیصل آباد کی رہائشی ہے، تھانہ ڈیفنس سی پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر کے گھر کے مالک وقار اور اسد کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایس پی کینٹ کا کہنا ہے کہ اقرا نامی خاتون کی گرفتاری کیلئے پولیس ٹیم تشکیل دیدی، ملزمہ جلد پولیس کی حراست میں ہو گی، انہوں نے کہا کہ خواتین و بچوں پر تشدد کرنے والے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا۔