محکمہ تحفظ جنگلی حیات کی کارروائی، 171 جنگلی جانور، پرندے برآمد
11-03-2024
(لاہور نیوز) سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی ہدایت پر پنجاب میں تحفظ شدہ جنگلی جانوروں و پرندوں کی بازیابی کیلئے آپریشنز جاری ہیں۔
محکمہ تحفظ جنگلی حیات کے مطابق آپریشن کے دوران171 تحفظ شدہ نایاب جنگلی جانور اورپرندے برآمد کر لیے گئے جبکہ آپریشن کے دوران 6 ملزمان کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ لاہور شہر میں ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف ڈاکٹرغلام رسول کی سربراہی میں کارروائی کے دوران اسسٹنٹ ڈائریکٹر وسیم حیدر نے خصوصی سرچ وارنٹ کے تحت ایک گھر کی تلاشی لی ۔ گھر سےغیر قانونی رکھے 31 تحفظ شدہ جنگلی پرندے برآمد ہوئے جن میں 8 راء طوطے،20 گانیداراور 3 پلم ہیڈڈ شامل تھے ۔ خلاف ورزی کے مرتکب شخص کو موقع پر ہی سے گرفتار کر لیا گیا ۔ جنگلی پرندے عدالتی حکم پر سفاری زو منتقل کر دیے گئے ۔ میانوالی میں ناکہ بندی کے دوران ایک بس میں سمگل کئے جانیوالے 20 بھورے تیتر برآمد کیے گئے۔ تمام تیتر عدالتی حکم پر کندیاں فاریسٹ میں آ زاد کردیے گئے ۔ سمگلر کیخلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے ۔ ملتان میں نیشنل ہائی وے پر ناکہ کے دوران سمگل کئے جانیوالے 120 نایاب کچھوے برآمد کئے گئے ۔ ملزم کو مال مقدمہ سمیت عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔ عدالت نے 10ہزار جرمانہ کرکے کچھوے قدرتی ماحول میں آ زاد کرنے کا حکم دیا۔ کچھوے دریائے چناب میں چھوڑ دیے گئے ۔ جہلم میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر رانا اشفاق نے اڑیال کا غیر قانونی شکار کرکے تصویر سوشل میڈیا پراپ لوڈ کرنیوالے ایک شکاری کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا ۔ عدالت نے ملزم کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف ہیڈ کوارٹرز جہلم مجاہد کلیم نے فالکن کے 3 شکاری گرفتار کرکے 2 معاون شکاری پرندے برآمد کر لئے ۔ ملزمان کو 30ہزار جرمانہ جبکہ پرندے قدرتی ماحول میں آ زاد کر دیے گئے ۔ ڈی جی وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ مدثر ریاض ملک کا کہنا ہے کہ جنگلی حیات کا غیر قانونی شکار،کاروبار اور قبضہ کرنے والوں کے ساتھ قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا ۔