چیئر پرسن پنجاب وومن پروٹیکشن اتھارٹی کی نرگِس سے ملاقات،اداکارہ کو انصاف کی یقین دہانی

11-01-2024

(لاہور نیوز) چیئر پرسن پنجاب وومن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ اداکارہ نرگِس سے ملاقات کرنے پہنچیں ،دوران ملاقات انہوں نے نرگس کو انصاف کی یقین دہانی بھی کروائی۔

تفصیلات کےمطابق جائیداد کے تنازع پر اپنے شوہر انسپکٹر ماجد بشیر کے ہاتھوں بہیمانہ تشدد کا شکار ہونے والی اداکارہ نرگِس سے حنا پرویز بٹ نے ملاقات کی اور انہیں اس معاملے میں انصاف اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروانے کے ساتھ ساتھ ایک پروٹیکشن آفیسر بھی ان کے ساتھ لگا دیا ہے۔  چیئر پرسن پنجاب وومن پروٹیکشن اتھارٹی کا اس سے معاملے سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہناتھا کہ نرگِس کو پروٹیکشن آرڈر اور قانونی مدد فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا، خواتین پر گھریلو تشدد ایک سنگین مجرمانہ فعل ہے، یہ واقعہ  کوئی معمولی بات نہیں ملزم کو سزا دلوائی جائے گی۔حنا پرویز بٹ نے کہا کہ وومن پروٹیکشن اتھارٹی خواتین پر تشدد کے بارے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی ، ہر خاتون کو مکمل انصاف اور تحفظ کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایات کے مطابق خواتین پر تشدد حکومت کی ریڈ لائن ہے،اس واقعے میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا،حکومت کی پالیسی گھریلو تشدد کے واقعات پر انتہائی سخت ہے۔